پاکستان سے یوکرائن کے لیے امداد کی دوسری کھیپ روانہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) نور خان بیس راولپنڈی پر یوکرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ کی روانگی کے لیے سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دوسری کھیپ میں امدادی سامان میں ضروری ادویات، کمبل اور راشن شامل ہے جو پاکستان ائیر فورس کے دو C-130 طیاروں کے براستہ پولینڈ، یوکرین پہنچے گا۔

تقریب کے دوران وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے امدادی سامان یوکرین کے سفیر مرکیان چوچک کے حوالے کیا. تقریب میں این ڈی ایم اے کے علاوہ وزارت خارجہ اور یوکرین سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ گزشتہ تین دہائیوں سے محیط دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان یوکرین عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پہلے بھی امدادی سامان فراہم کر چکا ہے۔ یوکرین میں جاری جنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے معاملات حل کرنے چاہیے۔ یوکرین کے سفیر نے مشکل کی اس گھڑی میں یوکرین عوام کے لیے امداد بھیجنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔سفیر کا کہنا تھا کہ یوکرین حقیقی معنوں میں اس مدد کو پاکستانی عوام کیطرف سے نیک سگالی اور ہمدردی کے جذبے کا مظہر سمجھتا ہے۔یوکرین کے لیے امدادی کھیپ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے راستے بھیجی جائے گی۔ سامان کی پہلی کھیپ 15 مارچ 2022 کو بھیجی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں