حج پروازوں کا شیڈول جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا،پہلی حج پرواز 6جون کو اسلام آباد سے روانہ ہو گی، 106 حج پروازوں سے 32 ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 42 پروازیں چلائی جائیں گی، فلائٹ شیڈول ویب سائٹ پر آویزاں کر دیا گیا جبکہ عازمین کو موبائل میسج جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق عازمین حج پریشانی سے بچنے کیلئے شیڈول پر سختی سے عمل کریں، عازمین حج شیڈول کے مطابق قریبی اعتماد سینٹر سے بائیو میٹرک کروائیں۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ عازمین ویکسینز، شناختی لاکٹ، پاسپورٹ، حج ویزہ، ٹکٹ، رسٹ بینڈ کیلئےحاجی کیمپ سے رابطہ کریں، جبکہ پرواز سے 72 گھنٹے کے اندر کورونا ٹیسٹ سعودی منظور شدہ 6 لیبارٹریز سے کرانا ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے مزید کہا کہ عازمین حج کیلئے حاجی کیمپوں میں منظور شدہ لیبارٹریوں کے بوتھ بنا دیئے گئے ہیں، سعودی عرب روانگی کیلئے عازمین حج کا پی سی آر (منفی) ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، پی سی آر ٹیسٹ کے واجبات 4250 روپے عازمین حج کو خود دینا ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں